پنجی، 9/جنوری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ ان کی ایماندار پارٹی کے پاس آئندہ پنجاب اور گوا کے اسمبلی انتخابات لڑنے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔مپسا شہر میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیجریوال نے کہاکہ ہمارے پاس پنجاب اور گوا کے انتخابات لڑنے کے لیے ایک پیسہ بھی نہیں ہے،ہمارے بینک اکاؤنٹ خالی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم گزشتہ دو سالوں سے دہلی میں اقتدار میں ہیں، ہم پیسے بنا سکتے تھے، لیکن دو سال اقتدار میں رہنے کے بعد بھی ہمارے پاس الیکشن لڑنے کے لیے فنڈ نہیں ہے۔بی جے پی، کانگریس اور ایم جی پی پر زور دار حملہ بولتے ہوئے کیجریوال نے کہا کہ ان پارٹیوں کے گنے چنے دن بچے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس بار لوگ آپ کو ووٹ دیں گے جو گوا میں 40میں سے 28-32سیٹیں جیتے گی۔انہوں نے دعوی کیاکہ عام آدمی پارٹی اور دیگر پارٹیوں میں واضح فرق ہے، آپ ایک ایماندار سیاسی پارٹی ہے، جبکہ باقی پارٹیاں بدعنوان ہیں،ہماری سب سے مضبوط حریف بی جے پی بھی اپنے اندرونی میٹنگوں میں مانتی ہے کہ آپ لیڈر بدعنوان نہیں ہیں۔